سفری رہنمائیپاکستان
پاکستانی پاسپورٹ کے حصول کا طریقہ
پاسپورٹ کے حصول کے لئے سب سے پہلے آپ کو نیشنل بینک آف پاکستان کی منتخب برانچوں میں فیس جمع کروانی ہو گی۔ چالان فارم آپ اسی بنک سے حاصل کر سکتے ہیں۔ اس سلسلے میں یہ بات ذہن نشین کر لیں کہ آپ کے شناختی کارڈ پر جس شہر / علاقے کا پتہ (مسقل یا عارضی) لکھا ہو گا آپ کا پاسپورٹ اسی شہر / علاقے کے متعلقہ (ریجنل ) پاسپورٹ آفس سے بنے گا اور آپ نے پاسپورٹ فیس بھی اسی شہر میں نیشنل بنک کی کسی برانچ میں جمع کروانی ہے۔ مثلا اگر آپ کا ایڈریس اسلام آباد کا ہے تو آپ نے اسلام آباد میں ہی پاسپورٹ فیس جمع کروانی ہو گی اگر آپ نے راولپنڈی میں فیس جمع کروا دی اور آپ کے پتے ( مستقل/ عارضی) دونوں اسلام آباد کے ہیں تو وہ فیس ضائع ہو جائے گی کیونکہ راولپنڈی سے آپ کا پاسپورٹ نہیں بنے گا اور فیس ناقابل واپسی(نان ریفنڈ ایبل) ہوتی ہے۔ اسی طرح آپ فیس جمع کروا چکے بعد میں کسی وجہ سے آپ نے جانے کا ارادہ موخر کر دیا تو آپ کو فیس واپس نہیں ملے گی البتہ آپ اسی فیس میں پانچ سال کے اندر اندر کسی بھی وقت پاسپورٹ بنوا سکتے ہیں۔ اگر آپ گورنمنٹ ملازم ہیں تو آپ کو جس شہر میں دوران ملازمت این او سی ملے گا آپ وہیں سے اسی شہر سے پاسپورٹ بنوانے کے اہل ہیں۔ نارمل پاسپورٹ آپ کو 12 سے 13 دن کے اندر مل جائے گا۔
مشین ریڈ ایبل پاسپورٹ بنوانے کے لئے ضروری ہدیات:
1. متعلقہ کاغذات جو درخواست کے ساتھ ضرورت پڑیں گے۔
a. اصل نادرا شناختی کارڈ CNIC معہ دو عدد شناختی کارڈ کی کاپیاں
b. جمع شدہ بنک فیس چالان
c. پرانا پاسپورٹ معہ اس کی کاپی (اگر پہلے بنوایا ہو تو)
18 سال سے کم عمر بچوں کے لئے اصل نادرا “ب” فارم CRC معہ اسکی کاپی، والدہ کے قومی شناختی کارڈ کی کاپیاں نیز والد یا والدہ کا ہمراہ آنا لازم ہے۔ تمام سرکاری ملازمین اپنا محکمانہ اجازت نامہ NOC ہمراہ لائیں جبکہ مسلح افواج سے وابستہ افراد یونیفارم میں آئیں۔ ہر درخواست دہندہ فارم پر اپنا صحیح پتہ اور موبائل نمبر درج کروائے۔ دوہری شہریت کے حامل افراد اپنی غیر ملکی شہریت ظاہر کریں ۔ فارم پر اپنے تمام کوائف بغور چیک کر کے دستخط کریں
شرح فیس برائے پانچ سال
a. آرڈنری (نارمل) پاسپورٹ 3000 روپے
b. ارجنٹ پاسپورٹ 5000 روپے
c. نارمل(72 صفحات ) پاسپورٹ 5500 روپے
d. ارجنٹ( 72 صفحات ) پاسپورٹ 9000 روپے
e. نارمل(100 صفحات ) پاسپورٹ 6000 روپے
f. ارجنٹ (100 صفحات ) پاسپورٹ 12000 روپے
شرح فیس برائے دس سال
a. آرڈنری (نارمل) پاسپورٹ 5400 روپے
b. ارجنٹ پاسپورٹ 9000 روپے
c. نارمل(72 صفحات ) پاسپورٹ 9900 روپے
d. ارجنٹ( 72 صفحات ) پاسپورٹ 16200 روپے
e. نارمل(100 صفحات ) پاسپورٹ 10800 روپے
f. ارجنٹ (100 صفحات ) پاسپورٹ 21600 روپے
گمشدہ پاسپورٹ کے لئے پولیس رپورٹ اور ڈبل فیس درکار ہو گی۔ دوسری مرتبہ گمشدگی کی صورت میں چار گنا اور تیسری بار گمشدگی کی صورت میں معاملہ ہیڈ کوارٹر کو بھیجا جائے گا۔ ٹوکن ملنے اور پاسپورٹ وصول کرنے کے اوقات (نوٹ: ہفتہ و اتوار عام تعطیل ہوتی ہے) عام دنوں میں 8:30 بجے صبح تا 1:00 بجے دن بروز جمعہ 8:30 بجے صبح تا 12:00 بجے دن ۔پاسپورٹ سے متعلقہ معلومات کے لئے ہلپ لائن 080034477 پر رابطہ کریں اور شکایات کی صورت میں ایل میل ایڈریس dg@dgip.gov.pk پر رابطہ کریں۔ پاسپورٹ آفس میں کیمرہ اور اسلحہ لے کر آنا سخت منع ہے۔ نیز موبائل فون کے استعمال سے گریز کریں۔