زیاراتمدینہ منورہ
مسجد قبلتین مدینہ منورہ
حجاج کرام اور دیگر زائرین مدینہ منورہ میں زیارات کے لئے جن مقامات کا رخ کرتے ہیں ان میں ایک مسجد قبلتین بھی ہے یہ مسجد مسجد نبوی سے تقریباچار پانچ کلومیٹر کے فاصلے پر بئر رومہ کے قریب واقع ہے۔ طبقات ابن سعد کی روایت کے مطابق حضور صلی اللہ علیہ و الہ و سلم یہاں بشر بن براءبن معرور کے ہاں دعوت پر تشریف لائے تھے۔ یہاں ظہر کی نماز کا وقت ہو گیا اور آپ نے نماز ادا کی۔ تیسری رکعت میں یہ آیات نازل ہوئیں اور آپ نے اس کے حکم کے مطابق اپنا رخ تبدیل کیا۔ چونکہ یہ 180 درجے کی تبدیلی تھی، اس لئے لامحالہ آپ کو چل کر مخالف سمت میں آنا پڑا ہوگا اور صحابہ کو اپنی اپنی جگہ پر ہی اپنا رخ تبدیل کرنا پڑا ہوگا۔ بعد ازاں اس حکم کی منادی پورے مدینہ میں کی گئی۔ بہت سی دوسری مساجد میں لوگ نماز پڑھ رہے تھے جنہوں نے حالت نماز میں اپنا رخ تبدیل کیا۔
چونکہ ایک نماز دو مختلف قبلوں کی جانب رخ کر کے پڑھی گئی اس لیے اس مسجد کو "مسجد قبلتین”یعنی دو قبلوں والی مسجد کہا جاتا ہے۔ اس سے یہ بھی معلوم ہوتا ہے کہ حضور صلی اللہ علیہ و الہ و سلم کے دور کا مدینہ صرف موجودہ مسجد نبوی تک ہی محدود نہ تھا۔