ترکی
ترکی تعارف اور سیاحتی معلومات
کسی بھی ملک کی سیاحت سے لطف اندوز ہونے سے پہلے ضروری ہوتا ہے کہ آپ وہاں کی ثقافت،معاشرت،معیشت ،تاریخ اور مذہب کے متعلق خاطرخواہ علم رکھتے ہوں۔ دنیا بھر سے سیاحت کے شوقین جن ممالک کا رخ کرتے ہیں ان میں ترکی کا نام سرفہرست ہے کیوں کہ یہ اسلام ،عیسائیت اور دیگر کئی مذاہب کا ثقافتی ورثہ ہونے کے ساتھ ساتھ بہت سے عجوبوں کا ملک ہے اس کے ناقابل یقین مناظر سے لے کر ارضیاتی عجائبات ، قدیم تاریخی مقامات اور ہلچل مچانے والے شہر جو اپنی ثقافت ، رنگ برنگے بازار ، لذیزکھانوں اور ملنسار لوگوں کی وجہ سے اپنی جانب راغب کرتے ہیں بحیرہ روم کے ساحل سے لے کر برفیلے پہاڑوں اور روشن وادیوں تک ترکی ایک خوبصورت مناظر والا ملک ہے۔
ترکی ایک ایساایشیائی ملک ہے جو جنوب مغربی ایشیا میں جزیرہ نما اناطولیہ اور جنوبی مشرقی یورپ کے علاقہ بلقان تک پھیلا ہوا ہے۔ آبنائے ترک ایشیاء کو یورپ سے جوڑتا ہے ترکی کی سرحدیں آٹھ ممالک سے ملتی ہیں جن میں بلغاریہ، یونان، جارجیا، آرمینیا، ایران،آذربائیجان،عراق اور شام شامل ہیں۔ یورپ اور ایشیا کے درمیان محل وقوع کے اعتبار سے اہم مقام پر واقع ہونے کی وجہ سے ترکی مشرقی اور مغربی ثقافتوں کے تاریخی چوراہے پر واقع ہے۔ اس ملک کا دارالحکومت انقرہ ہے جو فلک بوس عمارتوں اور جدید ثقافتی میوزیم ہے۔اس کے علاوہ ازمیر،انطالیہ ،استنبول اور کئی دیگر شہر سیاحوں کی توجہ کا مرکز ہیں۔اس کی کرنسی کا نام لیرا ہے۔
خلافت عثمانیہ کی وجہ سے تاریخ اسلام کے بہت سے پہلو ترکی سے وابستہ ہیں جنہیں جان کر بحثیت مسلمان کہیں سرفخر سے بلند اور سینہ مزید چوڑا ہوجاتا ہے اور کہیں سر شرم سے جھک جاتا ہے اور دل خون کے آنسو رونے پہ مجبور کرتا ہے۔اس ویب سائٹ پہ ترکی کی تاریخ اور ثقافت کا مکمل احاطہ کرنا تو ہمارے لئے ممکن نہیں ہے تاہم ہم اپنے تائیں پوری کوشش کریں گے کہ ترکی کے متعلق یہاں زیادہ سے زیادہ معلومات شئیر کریں تاکہ جب زندگی میں آپ کبھی ترکی کے وزٹ کا پروگرام بنائیں تو آپ کا یہ سفر زندگی بھر کے لئے آپ کے لئے اپنی خوشگوار یادوں کاسبب بنے۔