خیبر پختون خواہ
آنسو جھیل کاغان
لگ بھگ 16 ہزار فٹ سے زائد بلندی پر واقع اس جھیل کو پانی کے قطرے جیسی شکل کی وجہ سے آنسو جھیل کا نام دیا گیا اور یہ دنیا کی خوبصورت ترین جھیلوں میں سے ایک ہے۔آنسو جھیل وادی کاغان میں جھیل سیف الملوک کے قریب واقع ایک چھوٹی جھیل ہے جو ضلع مانسہرہ، خیبر پختونخوا میں ملکہ پربت کے پاس واقع ہے۔
یہ جھیل درمیان سے برف سے جمی رہتی ہے جس سے یہ کسی آنکھ کی پتلی سے نکلنے والے آنسو جیسی لگتی ہے تاہم یہاں جانے کے خواہش مند افراد کے لیے اس تک رسائی زیادہ آسان نہیں کیونکہ ایک تو یہاں آنے کا بہترین موسم مئی سے اکتوبر ہے اور پھر وہاں رہائش کے لیے کوئی ہوٹل وغیرہ موجود نہیں اور کیمپنگ کرنا پڑتی ہے مگر درجۂ حرارت میں اچانک کمی خطرناک بھی ثابت ہوسکتی ہے۔
آنسو جھیل تک پہنچنے کا رستہ جسے سیاحوں کی اکثریت استعمال کرتی ہے وہ بہت حسین اور مسرور و مسحور کردینے والا ہے جو ناران سے شروع ہوتا ہے ناران سے بذریعہ جیپ جھیل سیف الملوک جائیں پھر وہاں سے پیدل یا خچر پہ سوار ہوکر سفر کرتے ہوئے ڈھلانوں پر ہمت آزمائی کرتے ہوئے آپ کچ نالہ پار کرکے مرمریں جھیل آنسو تک پہنچ سکتے ہیں۔